سی ویو سے ڈاکٹر سارہ کی لاش ملنے کا کیس، ملزم کی ضمانت منظور

سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں سی ویو سے ڈاکٹر سارہ کی لاش ملنے کے کیس میں ملزم شان سلیم کی ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے ملزم شان سلیم کو دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے اور ٹرائل کورٹ کو دو ماہ میں کیس نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ ملزم شان سلیم کیس کے ٹرائل میں تاخیر کی وجہ بنے تو ضمانت واپس لی جا سکتی ہے۔

ملزم کے وکیل ثاقب نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر نے خودکشی کی تھی، ملزم پر لگائے گئے الزامات بےبنیاد ہیں، واقعے کا کوئی عینی شاہد نہیں ہے۔

پراسیکیویشن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم پر ڈاکٹر سارہ کے قتل کا الزام ہے، مدعی مقدمہ نے ملزم کو نامزد کیا ہے، ملزم نے دفتر میں لگے ہوئے کیمروں کی سی سی ٹی وی ویڈیو ڈیلیٹ کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت نے 18 اپریل کو ملزم کی ضمانت مسترد کر دی تھی۔

پولیس نے کہا کہ 6 جنوری 2023 کو ڈاکٹر سارہ کی لاش سی ویو دو دریا سے ملی تھی، ان کے اغواء اور قتل کا مقدمہ ساحل تھانے میں درج ہے۔