بانیٔ پی ٹی آئی، عبدالغفور حیدری ومتعدد امیدوار الیکشن کمیشن کے جرمانے کے نادہندہ

بانیٔ پی ٹی آئی اور جے یو آئی رہنما عبدالغفور حیدری سمیت متعدد انتخابات میں حصہ لینے کے امیدوار الیکشن کمیشن کے جرمانے کے نادہندہ نکلے۔

قومی و صوبائی اسمبلیوں اور مقامی حکومتوں کے انتخابات میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر امیداروں کی جانب سے جرمانہ جمع نہ کرانے سے متعلق الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو مراسلہ لکھ دیا۔

الیکشن کمیشن کا مراسلے میں کہنا ہے کہ الیکشن کی مہم میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدواروں پر جرمانے ہوئے، تاہم ان امیداروں اور عہدیدارن کی جانب سے جرمانہ جمع نہیں کرایا گیا۔

مراسلے کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی ضابطۂ اخلاق کی 4 خلاف ورزیوں پر 2 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں، سابق وزیرِ اعلیٰ کے پی محمود خان 3 خلاف ورزیوں پر ڈیڑھ لاکھ کے نادہندہ ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ مراد سعید 1 لاکھ روپے کے جرمانے کے نادہندہ ہیں، محب اللّٰہ خان، صالح محمد، عبدالغفار بھی جرمانوں کے نادہندہ ہیں۔

مراسلے میں الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ سینیٹر عبدالغفور حیدری بھی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے کے نادہندہ ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مراسلے کے مطابق علی گوہر بلوچ، اعظم سواتی، نواب شیر وسیر، پیر صابر شاہ، راجہ پرویز اشرف، شکیل خان، طاہر جمیل، فیصل نیازی خان، تیمور جھگڑا، شوکت یوسفزئی، کامران بنگش بھی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے کے نادہندہ ہیں۔

الیکشن کمیشن نے اپنے مراسلے میں یہ بھی کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے جرمانے کے خلاف ان افراد کی اپیلوں کو مسترد کیا، ریٹرننگ افسران کو نادہندہ افراد کی فہرست فراہم کی جا رہی ہے، آر او کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال میں جرمانے کی وصولی یقینی بنائیں۔