چیئرمین پی ٹی آئی کی 7 مقدمات میں ضمانت خارج کرنے کا حکم نامہ جاری

انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے 7 مقدمات میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست قابل سماعت نہیں، جو خارج کی جاتی ہے۔

اے ٹی سی لاہور کے حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ سائل کی عدم پیشی پر ضمانت کی درخواست بھی خارج کی جاتی ہے۔

حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ درخواست گزار کے وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی، وکیل نے ملزم کو اٹک جیل سے لانے کا حکم جاری کرنے کے لیے بھی دلائل دیے۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے اس درخواست کو خلاف ضابطہ قرار دیا، سرکاری وکیل کے مطابق سزا کے بعد حاضری سے استثنیٰ نہیں ملتا۔

اے ٹی سی لاہور کے حکم نامے کے مطابق ملزم کے وکیل دلائل کے وقت قانونی نکتہ پیش کرنے میں ناکام رہے، ایسا قانونی نکتہ پیش نہیں کیا گیا جو سزا یافتہ ملزم کو حاضری سے استثنیٰ دے سکے۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق ملزم کا جیل میں قید ہونے کی وجہ سے پیش نہ ہونا کوئی وضاحت نہیں، ملزم کو دلائل کےلیے پہلے ہی ایک موقع دیا جا چکا تھا، ایک اور موقع دینا قانونی طریقہ کار کا غلط استعمال ہو گا۔

اے ٹی سی لاہور کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ملزم کا ہر تاریخ پر پیش ہونا لازم ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو حاضری سے استثنیٰ دینے کی درخواست ناقابل سماعت ہے، عبوری ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کی جارہی ہیں۔