نوجوانوں کو قلم، لیپ ٹاپ اور ڈگریاں دینا چاہتے ہیں:مریم نواز

مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ (ن) لیگ نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم، لیپ ٹاپ اور ڈگریاں دینے کی متمنی ہے، بندوق، گالی اور بد تمیزی (ن) لیگ کا کلچر نہیں ہے ۔وہ ماڈل ٹاؤن میں مسلم یوتھ فیڈریشن کی تنظیم نو کے حوالے سے اہم اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ اجلاس میں مریم نواز نے عہدیداروں کے تفصیلی انٹرویو کئے۔

مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ طلبہ کو پارٹی میں نمایاں جگہ دی جائے، پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، سب سے بڑی پارٹی ہونے کے ناطے مسلم لیگ (ن) پر لازم ہے کہ وہ نوجوانوں کی بہتری اور اچھے مستقبل کیلئے فیصلے کرے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہے، ن لیگ کی مقبولیت میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، نواز شریف کی قیادت میں سب سے پہلے طلبہ کو لیپ ٹاپ اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کیلئے اربوں روپے کے قرضے دیئے گئے۔