ورلڈ کپ کوالیفائر میچ، PFF جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں سہولتوں پر مطمئن

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کمبوڈیا کیخلاف اکتوبر میں فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میچ کیلئے جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں سہولتوں پراطمینان کا اظہار کیا ہے تاہم وہاں میچ کے انعقاد کا حتمی فیصلہ اے ایف سی ہی کرے گی۔

پاکستان کو فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میں کمبوڈیا کے خلاف 17 اکتوبر کو ہوم میچ کھیلنا ہے۔

ہوم میچ کے وینیو کیلئے فیفا اور اے ایف سی نے پی ایف ایف کو 18 اگست تک حتمی جواب دینے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

پی ایف ایف نے لاہور اور اسلام آباد کے وینیوز سمیت سعودی عرب میں بھی رابطہ کیا تھا۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کی دعوت پر فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے رکن شاہد نیاز کھوکھر اور قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہزاد انور نے جناح اسٹیڈیم اسلام آباد کا دورہ کیا۔

شاہد کھوکھر نے بتایا کہ یہاں سہولتیں اطمینان بخش ہیں، پی ایف ایف کی پوری کوشش ہے کہ میچ کا انعقاد پاکستان ہی میں ہو، لیکن حتمی فیصلہ اے ایف سی اور فیفا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں ایک دو چیزوں پر کام ہونا ہے، اسپورٹس بورڈ نے تعاون کا یقین دلایا ہے۔

شاہد کھوکھر کا کہنا تھا کہ پی ایف ایف، اے ایف سی اور فیفا کو اپنی آبزرویشن بھیج کر ان سے اپنا وفد پاکستان بھیجنے کی درخواست کرے گی تاکہ وہ اسٹیڈیم کا جائزہ لے اور پی ایف ایف اپنی تیاریوں کا آغاز کرسکے۔