زویا ناصر کی امریکا کے بجائے پاکستان میں رہنے کو ترجیح

معروف پاکستانی فلم نگار ناصر ادیب کی بیٹی، اداکارہ زویا ناصر نے امریکا کے بجائے پاکستان میں رہنے کو ترجیح دینے کی وجہ بتا دی۔

زویا ناصر نے حال ہی میں اداکارہ حنا الطاف کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے امریکا میں گزری اپنی زندگی کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب میں پاکستان سے امریکا منتقل ہوئی تو مجھے ایک بڑا ثقافتی جھٹکا لگا جب میں نے وہاں پر رہنے والے پاکستانیوں کو چھوٹی چھوٹی تقاریب میں بھی شادی جیسے میک اوور کے ساتھ شرکت کرتے دیکھا۔

زویا ناصر نے بتایا کہ میں دراصل کاسمیٹولوجی کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکا گئی تھی اور وہاں پر تعلیم مکمل ہونے کے بعد اپنا لائسنس حاصل کرنے کے لیے بہت کوششیں کیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ پاکستان واپس آنے پر میں یہ جان کر حیران رہ گئی کہ یہاں کوئی بھی لائسنس یا رسمی ڈگری کے بغیر بیوٹی سیلون کھول سکتا ہے۔

زویا ناصر نے بیرون ملک رہنے کا تجربہ اور امریکی شہریت ہونے کے باوجود بھی پاکستان میں رہنے کو ترجیح دی۔

ان کا کہنا ہے کہ میں اپنے ملک سے گہرا لگاؤ ​​رکھتی ہوں اور یہاں سکون محسوس کرتی ہوں، میرےخیال سے پاکستانیوں کا اپنی ثقافتی جڑوں سے مضبوط تعلق ہے جس کی وجہ سے میں یہاں خود کو زیادہ پُرسکون محسوس کرتی ہوں۔