ایک ہسپتال میں کام کرنے والی 12 خواتین ایک ساتھ حاملہ ہوگئیں

امریکی ریاست ورجینیا کے ایک ہسپتال کے بچوں کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ یا این آئی سی یو میں کام کرنے والی 12 خواتین ایک ساتھ حاملہ ہوگئیں۔

ورجینیا کے شہر نیو پورٹ نیوز کے ریورس سائیڈ ریجنل میڈیکل سینٹر میں کام کرنے والی 12 خواتین کے ساتھ ایسا ہوا۔

اس میڈیکل سینٹر کے عملے کی 12 خواتین آگے پیچھے حاملہ ہوئیں اور ان کے ہاں بچوں کی پیدائش مارچ سے شروع ہوئی اور یہ سلسلہ اکتوبر یا نومبر میں مکمل ہوگا۔

ہسپتال کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایسا ہمارے یونٹ میں ایک سال کے دوران پہلی بار ہو رہا ہے اور ان خواتین میں 10 نرسیں ہیں، ایک نرس پریکٹیشنر اور ایک یونٹ سیکرٹری ہے۔

2 خواتین کے ہاں بچوں کی پیدائش ہو چکی ہے۔

ایک نرس نے 15 مارچ کو بیٹی کو خوش آمدید کہا جبکہ دوسری کے ہاں 16 مئی کو بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

ایک حاملہ خاتون نے بتایا کہ ہم سب ایک دوسرے کی مدد کر رہی ہیں اور کسی چیز کے بارے میں فکر مند نہیں۔

ہسپتال کے مطابق 4 خواتین کے ہاں جولائی میں بچوں کی پیدائش متوقع ہے جبکہ 3 خواتین کا اگست میں ماں بننے کا امکان ہے۔

باقی 3 خواتین کے ہاں بچوں کی پیدائش ستمبر سے نومبر کے درمیان متوقع ہے۔