4 کروڑ عوام کو اب براڈ بینڈ کا فائدہ بھی پہنچے گا:سید امین الحق

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آٹی ٹی) سید امین الحق نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں 77 ارب روپے کی لاگت سے کنیکٹیوٹی کو بہتر کیا گیا ہے۔ 4 کروڑ عوام کو اب براڈ بینڈ کا فائدہ بھی پہنچے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امین الحق کا کہنا تھا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ دنیا میں نئی ٹیکنالوجی آرہی ہے، میری ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کو نئی ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جائے

امین الحق نے کہا کہ پاکستان کے دور دراز علاقوں میں کنیکٹیوٹی کو بہتر کیا گیا ہے۔ دور دراز علاقوں میں تھری اور فور جی کے ٹاور بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل رواں سال دسمبر تک ہوجائے گی۔ دیہات میں مقیم 4 کروڑ سے زائد افراد کو براڈ بینڈ سروسز میسر آئے گی۔ اسٹارٹ اپس ایکو سسٹم اور فری لانس ٹریننگ پروگراموں کا آغاز کیا گیا۔

امین الحق نے کہا گوگل، مائیکروسافٹ اور پاکستان کی میگا آئی ٹی کمپنیوں کے ساتھ مل کر پروگرامز ڈیزائن کیے۔ تبدیلی آگئی ہے اب صرف آٹا، دال اور چاول بیچ کر زرمبادلہ نہیں کمایا جاسکتا۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وزارت آئی ٹی نے کنیکٹیوٹی، اسکلز ڈیولپمنٹ اور سرمایہ کاری کو ٹارگٹ کیا ہے۔