الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر بم دھماکے کا مقدمہ درج

کراچی میں الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر بم دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

سی ٹی ڈی تھانے میں انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق گزشتہ رات 8 بجے شارع عراق پر الیکشن کمیشن کے سامنے فٹ پاتھ پر دھماکا ہوا، فوری طور پر بم ڈسپوزل یونٹ اور کرائم سین یونٹ کو طلب کیا گیا، بم ڈسپوزل یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کیے۔

متن کے مطابق موقع سے 400 گرام کا بارودی مواد، ٹائمر اور بیٹری ملی، موقع سے دیسی ساختہ ڈیٹونیٹر جس میں ٹائم ڈیوائس تھی برآمد کی گئی، دہشتگردی کی نیت سے ٹائم ڈیوائس سے دھماکا کیا گیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔