پی ایس ایل کے آغاز سے ایک روز قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایکس اکاؤنٹ ہیک ہوگیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آغاز سے ایک روز قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایکس اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شائقین کرکٹ و دیگر کو آگاہ کیا ہے کہ ان کا ایکس اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا، جسے فوری طور پر بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اگلی اطلاع تک ایکس اکاؤنٹ سے جاری ہونے والی کسی بھی خبر پر دھیان نہ دیا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کی آن لائن ٹکٹ بکنگ کی ویب سائٹ پر بھی سائبر حملہ کیا گیا تھا، جس کے باعث کرکٹ فینز و ٹکٹوں کی بکنگ میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

خیال رہے کہ ٹورنامنٹ کا آغاز 17 فروری سے ہوگا، افتتاحی میچ دفاعی چیمپئین لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔