جنوبی کوریا کی ایک کمپنی میں کام کرنے والا روبوٹ ایک شخص کا قاتل بن گیا

جنوبی کوریا کی ایک کمپنی میں کام کرنا والا روبوٹ ایک شخص کا قاتل بن گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ روبوٹ کو ہونے والی غلط فہمی کی وجہ سے اس وقت پیش آیا جب قتل ہونے والا 40 سالہ ملازم روبوٹک کمپنی میں ایک روبوٹ کے سینسر کا معائنہ کر رہا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کمپنی میں روبوٹ سبزیوں سے بھرے ڈبوں کو اٹھا کر بیلٹ پر رکھنے کا کام کرتے تھے، تاہم اس دوران ایک روبوٹ اپنا کنٹرول کھو بیٹھا اور اس نے غلطی سے متاثرہ شخص کو سبزی کا ڈبہ سمجھ کر اٹھایا اور پھر کنورٹر بیلٹ پر پٹختے ہوئے اس کے چہرے اور سینے کو کچل ڈالا۔

کمپنی کی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حادثہ رونما ہونے کے بعد متاثرہ شخص کو فوری علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ رہ سکا۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ کے ماہ میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جہاں روبوٹ کی وجہ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا تھا۔