جاپان میں مسافر ٹرین پر ریسلنگ کا میچ

پروفیشنل ریسلنگ جاپان کے مقبول ترین کھیلوں میں سے ایک ہے جسے یہاں کے عوام بھی خوب دیکھتے اور پسند کرتے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جاپان میں ایک تیز رفتار بُلٹ ٹرین کے اندر مسافروں کے درمیان ہی ریسلنگ کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای طرز کا یہ میچ ٹوکیو میں قائم ڈی ڈی ٹی پرو ریسلنگ نے 75 مسافروں سے بھری بوگی میں منعقد کرایا۔

رپورٹ کے مطابق اس ریسلنگ میچ کے ٹکٹ 30 منٹ کے اندر فروخت ہو گئے تھے۔ اس دوران 2 پہلوان دارالحکومت ٹوکیو سے ناگویا شہر تک چلتی ٹرین میں لڑتے رہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ریسلنگ کے دوران ٹرین تیز رفتاری سے چلتی رہی اور دونوں پہلوانوں کے درمیان یہ میچ 30 منٹ تک جاری رہا۔

اس دوران ٹرین میں موجود مسافر خود لطف اندوز ہوئے اور کئی افراد اس ریسلنگ میچ کی ویڈیوز بھی بناتے رہے۔