زیادتی کی کوشش کا الزام، اداکارہ صرحا اصغر کی عدم دلچسپی، ملزم رہا

معروف پاکستانی اداکارہ صرحا اصغر نے 2 اگست کو کراچی شرقی کے شارع فیصل تھانے میں عسکری 4 کے رہائشی عاصم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 555/2023 تعزیرات پاکستان کی دفعہ 354 اور 452 کے تحت درج کرائی تھی۔

راشد منہاس روڈ پر عسکری 4 کی رہائشی صرحا اصغر نے ایف آئی آر میں خود کو خاتون خانہ ظاہر کیا ہے اور بتایا ہے کہ وہ کسی گھریلو کام سے مارکیٹ گئی تھیں، گھر واپس آتے ہوئے ایک آوارہ شخص نے ان کا پیچھا کیا جو آوازیں لگاتا ہوا ان کے دروازے تک آیا اور انہیں پکڑنے لگا۔

خطرہ بھانپ کر اُنہوں نے گھر کی گھنٹی بجائی جس پر ان کے شوہر لالہ عمر مرتضیٰ باہر نکلے تو مذکورہ شخص نے ان سے بھی لڑائی جھگڑا کیا۔

خاتون کے مطابق پھر اس شخص نے گھر میں گھس کر ان سے ہاتھا پائی کی اور ان کے کپڑے پھٹ گئے، شور شرابہ سن کر اہل محلہ جمع ہو گئے جنہوں نے اس آوارہ شخص عاصم کو پکڑ لیا۔

ایس ایچ او شاہراہ فیصل ملک مرتضیٰ کے مطابق صرحا عاصم اپنے شوہر عمر مرتضی اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ ملزم عاصم کو لے کر خود تھانے آئیں اور مقدمہ درج کرایا تھا۔

شاہراہ فیصل کے شعبہ تفتیش کے انچارج انسپکٹر جاوید ببر کے مطابق مقدمے کے اندراج اور ملزم کو پولیس کے حوالے کرنے کے بعد مدعیہ یا ان کے شوہر تھانے نہیں آئے۔

اُنہوں نے بتایا کہ اگلے روز ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا تو عاصم نے تمام الزامات سے انکار کیا۔

خاتون جج نے زیادتی کا شکار مدعیہ کو طلب کیا تو وہ عدالت میں نہیں آئیں، یہاں تک کہ پولیس اور عدالت کے طلب کرنے پر واردات کے دوران پھٹے ہوئے کپڑے یا واقعے کے کسی عینی شاہد کو بھی پیش نہیں کیا گیا، یہاں تک کہ مدعیہ کی جانب سے کوئی وکیل بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق ملزم مدعیہ کا پڑوسی ہے، مدعیہ کے عدم تعاون پر عدالت نے ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جس پر انہیں رہا کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شعبہ انویسٹی گیشن ملزم کے خلاف مقدمے کا چالان پیش کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

مدعی فریق کے عدم تعاون کی وجہ سے ایف آئی آر خارج ہو سکتی ہے۔