افغان سر زمین پاکستان کیخلاف دہشتگردی میں استعمال ہو رہی ہے: جان اچکزئی

نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو ہر محاذ پر ناکام بنایا ہے، افغانستان کی سر زمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں استعمال ہو رہی ہے۔

جان اچکزئی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی صورتِ حال سے نمٹ رہا ہے، ملک معیشت کا حب بننے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ یک جہتی کمیٹی اور انسانی حقوق کے نام نہاد کارکن اچانک جاگ اٹھے ہیں، بلوچ یک جہتی کمیٹی غریب مزدوروں کے قتل پر کیوں نہیں بولتی؟ اس کمیٹی نے اپنے آپ کو بے نقاب کیا ہے۔

جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ہمدردوں اور سہولت کاروں کو بے نقاب کرنا ضروری ہے۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ آج دو اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے جا رہے ہیں، مفاہمتی یادداشت کا مقصد آئی ٹی کے شعبے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

نگراں وزیرِ اطلاعات جان اچکزئی نے یہ بھی کہا ہے کہ ملک کے معاشی حالات بہتر کرنے میں آرمی چیف نے اہم کردار ادا کیا ہے، بلوچستان میں نوجوانوں کے مستقبل کو روشن بنائیں گے، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔