’باربی‘ کے بعد انٹرنیٹ پر ’حجاربی‘ نے بھی انٹری دے دی

فلم ’باربی‘ کے ریلیز ہونے سے قبل اور تاحال سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور معروف شخصیات ابھی باربی کے گلابی رنگ کے بخار میں ہی مبتلا تھیں کہ مارکیٹ میں حجاربی نے بھی انٹری دے دی ہے۔

باربی کی روایتی تصویر کشی سے ہٹ کر نائیجیریا کی طبی سائنسدان حنیفہ ایڈم نے ’حجاربی‘ بنائی ہے۔

حجاربی بھی باربی کی طرح ایک گڑیا ہی ہے جو مختلف رنگوں کے اسکارف اور مناسب اور مکمل لباس پہنتی ہے۔

حجاربی کو حجاب کرنے والی نوجوان مسلم لڑکیوں کی نمائندگی اور اِن کے کردار کو ایک نئی شناخت دینے کے لیے بنایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جب نائیجیرین لڑکی، حنیفہ نے باربی دیکھی تو اسے باربی میں کچھ کمی سی محسوس ہوئی اور یہی وہ وقت تھا جب حنیفہ نے باربی کو مکمل کرتے ہوئے اسے ’حجاربی‘ بنانے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ حنیفہ نے اس گڑیا کو آج سے 8 سال قبل 2015 میں تخلیق کیا تھا۔

حال ہی میں باربی کے انٹرنیٹ پر چرچوں کے بعد حجاربی کو دوبارہ سے انٹرنیٹ پر متعارف کروایا گیا اور اس سے متعلق معلومات میں اضافے کے لیے حجاربی کے نام سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دوبارہ سے پوسٹس شیئر کی جا رہی ہیں۔