دھماکے کے بعد جے یو آئی رہنما کی کارکنان اور امیدواروں کیلئے ہدایات

جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عبدالواسع نے بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللّٰہ میں دھماکے کے بعد کارکنان اور امیدواروں کے لیے ہدایات جاری کردیں۔

مولانا واسع کا کہنا ہے کہ بلوچستان بھر میں کارکنان اور امیدوار دفاتر خالی کریں اور مناسب جگہوں پر اپنی سرگرمی جاری رکھیں۔

مولانا واسع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کے کارکنان ایک جگہ جم غفیر نہ بنائیں اور دفاتر کے باہر پارٹی رضاکار سیکیورٹی سنبھالیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان میں انصار الاسلام کے رضاکار چوکس رہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللّٰہ میں جمعیت علمائے اسلام ف کے دفتر کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

دھماکا قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 251 میں جے یو آئی کے انتخابی دفتر کے باہر ہوا۔