پنجاب میں فضائی آلودگی میں بدستور اضافہ جاری

پنجاب میں اسموگ کی روک تھام کی تمام تر کوششوں کے باوجود فضائی آلودگی میں بدستور اضافہ جاری ہے۔

عالمی ویب سائٹس پر لاہور کا ایئر انڈیکس گزشتہ روز سے بھی زیادہ 465 ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ روز لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 375 ریکارڈ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم تھری، ایم فور، ایم فائیو اور ایم الیون پر حد نگاہ متاثر ہوگئی ہے۔

دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ موٹروے پولیس نے غیرضروری سفر نا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آج شام خطہ پوٹھوہار سمیت شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔