علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری

آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے نامزد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈاپور کے خلاف آزاد کشمیر کے انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس ہے۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کو علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کا مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں علی امین گنڈاپور کو 28 فروری کو الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علی امین کے خلاف درخواست وکیل راجہ ذوالقرنین نے 2021ء کے الیکشن کے دوران دائر کی تھی۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی پر پی ٹی آئی میں اختلافات سامنے آئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کی نامزدگی پر اسد قیصر، مشتاق غنی، عاطف خان اور شہرام ترکئی ناخوش ہیں۔