اسسٹنٹ کمشنر حازم بنگوار کا جَلد نیا گانا ریلیز کرنے کا اعلان

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے اسسٹنٹ کمشنر حازم بنگوار نے اعلان کیا ہے کہ وہ جَلد اپنا نیا گانا ریلیز کرنے جارہے ہیں۔

اپنے فیشن، پہناوے اور منفرد سوچ کے سبب شہرت رکھنے والے اسسٹنٹ کمشنر حازم بنگوار سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آتے ہیں اور اپنے کام اور عوام کی خدمت سے متعلق اپنے فالوورز کو آگاہ رکھتے ہیں۔

حال ہی میں حازم بنگوار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر اپنی نئی تصویروں کے ساتھ ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر حازم بنگوار کا اپنی اس پوسٹ کے کیپشن میں بتانا ہے کہ وہ جَلد ہی اپنا نیا گانا ریلیز کرنے والے ہیں۔

گلوکاری کے شوقین حازم کا لکھنا ہے کہ ’اُن تمام لوگوں کے لیے جو انتظار کر رہے ہیں، انتظار تقریباً ختم ہو چکا ہے اور میں آپ سب کے ساتھ اس نئے جذبے کو شیئر کرنے کے لیے بے تاب ہوں۔‘

واضح رہے کہ اپنے ایک پرانے انٹرویو میں حازم بنگوار نے خود پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیا تھا۔

حازم بنگوار نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ضد ہوگئی ہے کہ پاکستان میں ہی رہوں گا اور یہیں رہ کر کام کرنا چاہتا ہوں، نہ ٹرانس جینڈر ہوں، نہ عورت، میں مرد ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں نے فیملی کے منع کرنے کے باوجود کمیشن کا امتحان دیا اور اب عوام کی خدمت کر رہا ہوں۔