بابر اعظم نےاسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی پر خاموشی توڑ دی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی پر خاموشی توڑ دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے دنیا کے بہترین بلے باز بابر اعظم نے حالیہ کشیدگی کے دوران پہلی بار نہتے معصوم فلسطینیوں اور شہداء کے حق میں دعا کی۔

کھلاڑی نے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کاکردگی کے باعث تینوں فارمٹ میں کرکٹ ٹیم کی قیادت سے دستبرداری کے بعد پہلی بار پوسٹ شیئر کی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی جس میں ملبے کے ڈھیر پر ایک ننھی بچی گُڑیا تھامے ہوئے بیٹھی ہوئی ہے اور ایک ہاتھ میں فلسطین کا پرچم بلند کیا ہوا ہے۔

مذکورہ پوسٹ کے ساتھ انہوں نے دعا کرتے ہوئے مولانا الطاف حسین حالی کے کلام کا پہلا شعر بھی شیئر کیا اور لکھا کہ:

اے خاصہ خاصان رسل وقت دعا ہے

امت پہ تیری آ کے عجب وقت پڑا ہے

خیال رہے کہ فلسطین کے مصوم اور نہتے شہریوں پر 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی اسرائیلی بربریت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس میں 11 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، ان میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔