سرکاری ملازمین کے لیے بیپ پاکستان اپلیکیشن لانچ کردی گئی

وزارت آئی ٹی نے سرکاری ملازمین کے لیے بیپ پاکستان اپلیکیشن لانچ کردی۔

بیپ پاکستان اپلیکیشن کو41 وفاقی وزارتوں اور محکموں کیلئے لانچ کیا گیا ہے۔

یہ ایپ پاکستان میں واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا اپلیکیشنز کا متبادل ہوگی، یہ ملک میں سرکاری ملازمین کے محفوظ رابطوں کے لیے استعمال ہوگی جس میں آڈیو، ویڈیو کالنگ اور ویڈیو کانفرسنگ کی سہولت ہوگی۔

وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام امین الحق اور وزارت کے دیگرحکّام نے بیپ پاکستان ایپلیکیشن کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی۔

امین الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اپنی پہلی کمیونکیشن اپیلیکشن کا تجرباتی آغاز کیا ہے جسے دوسرے فیز میں تمام سرکاری ملازمین اور تیسرے میں عوام استعمال کرسکیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ اس ایپ کے استعمال سے آڈیو، ویڈیو لیک کے خوف سے باہر نکل سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک میں نیشنل انکوبیشن سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے، تین سال میں 3 انکوبیشن سینٹرز بنائے گئے ہیں۔

امین الحق نے کہا کہ اس اپلیکیشن کا سرور پاکستان میں ہونے سے یہ محفوظ ترین ہوگی اور اس اپلیکیشن کا سورس کوڈ بھی پاکستان میں ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ 79 ارب کی لاگت سے کنیکٹیوٹی کے 83 نئے منصوبے شروع کیے گئے، ان منصوبوں سے4 کروڑ کی آبادی کنیکٹیوٹی کے ساتھ منسلک ہوجائے گی۔

دوسری جانب سی ای او این آئی ٹی بی بابر بھٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیپ پاکستان اپلیکیشن ای آفس میں مدد گار ثابت ہوگی۔

اُنہوں نے کہا کہ بیپ اپلیکیشن کے ذریعے سرکاری دستاویزات محفوظ طریقے سے منتقل ہوسکیں گے۔

بابر بھٹی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اس اپلیکیشن کو وفاقی محکموں کے لیے لانچ کیا گیا ہے، دوسرے مرحلے میں صوبائی سطح پر بھی اس اپلیکیشن کو لانچ کردیاجائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے بعد عام شہری بھی اس اپلیکیشن کو استعمال کرسکیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کی اپنی پہلی سوشل میڈیا اپلیکیشن ہے اور آج ای آفس سافٹ ویئر ورژن کا بھی آغاز کیا جارہا ہے۔