صاف پانی کیس میں بلایا گیا اور گندے نالے کیس میں گرفتار کیا گیا:شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مجھے صاف پانی کیس میں بلایا گیا اور گندے نالے کیس میں گرفتار کیا گیا۔

سابق وزیرِ اعظم شہباز شریف رمضان شوگر مل ریفرنس میں لاہور کی احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں شہباز شریف کو طلب کیا تھا۔

مسلم لیگ ن کے صدر کی پیشی کے موقع پر عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

شہباز شریف نے روسٹرم پر آ کر کہا کہ میں کیس کے میرٹ پر گفتگو نہیں کروں گا وہ میرا وکیل کرے گا، یہ مقدمہ بہت سال سے چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پہلی بار صاف پانی میں بلوایا گیا اور گرفتار آشیانہ میں کیا، آشیانہ اقبال میں مجھے آپ کی عدالت نے انصاف دیا، اس کے بعد نیب نے مجھے گندے نالے کیس میں گرفتار کیا، مجھے کہا گیا کہ بیٹے کی شوگر مل کے باہر گندا نالا تعمیر کروایا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ گندا نالا ایک ایم پی اے نے تعمیر کرایا، میرے دور میں صاف پانی کے ہزاروں پروجیکٹ لگائے، یہ مل ہماری وراثتی شوگر مل ہے وہ میں نے بیٹے کو ٹرانسفر کر دی ہے۔

عدالت نے شہباز شریف کو جانے کی اجازت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی۔