پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا فیصلہ ہے کہ حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے:فیصل کریم

پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ ہم پر پارٹی کا بہت زیادہ پریشر ہے کہ کابینہ کا حصہ نہ بنیں، پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا فیصلہ ہے کہ حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران ان کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ آج مذاکرات میں مسئلہ حل ہو جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 16 ماہ اتحاد رہا، اس کا تجربہ ن لیگ کے ساتھ کچھ اچھا نہیں رہا، چاہتے ہیں کہ ماضی میں جو مسائل رہے وہ اب مستقبل میں نہ ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے منشور میں فرق ہے، ہمارا منشور اس وقت نافذ ہو گا جب ہمارا وزیرِ اعظم ہو گا، 3 سال اور 2 سال وزیرِ اعظم بننے والا بھی کوئی فارمولا زیرِ غور نہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئینی عہدوں کے لیے الیکشن لڑنا ہمارا جمہوری حق ہے، قیادت بہت جلد وزیرِ اعلیٰ سندھ کے نام کو فائنل کر دے گی۔