چیف جسٹس عامر فاروق کا سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاء سے مکالمہ

این اے 128 لاہور میں عون چوہدری کی کامیابی کے خلاف سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔

چیف جسٹس عامر فاروق کا سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاء سے مکالمہ ہوا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ارشد صاحب مجھے یقین ہے الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن سے پہلے آپ سے مشورہ نہیں کیا ہوگا، الیکشن کمیشن میں ان کی درخواست زیرِ التوا ہے تو پہلے اس پر فیصلہ کرلیتے۔

عدالت نے سوال اٹھایا کہ الیکشن کمیشن ان کی درخواستیں سن کر اگر ان کے حق میں فیصلہ کردیتا ہے تو؟

ڈی جی لاء الیکشن کمیشن ارشد خان نے جواب دیا کہ تو پھر الیکشن کمیشن درستگی کردے گا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے کیس میں کانسالیڈیشن ہوئی ہی نہیں۔

عدالت نے سوال کیا کہ جب لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ درخواست گزار کو نوٹس کر کے کانسالیڈیشن کریں تو یہ ہوا؟

ڈی جی لاء الیکشن کمیشن ارشد خان نے کہاکہ یہ میرے علم میں نہیں، میں معلوم کر کے بتا سکتا ہوں۔

چیف جسٹس اسلام آباد عامر فاروق نے کہا کہ ارشد صاحب جسٹ ریلیکس، آپ کو پانی چاہیے؟ آپ کمیشن سے ہدایات لے لیں، پھر اس کیس کو 2 بجے کے بعد رکھ لیتے ہیں۔

عدالت نے عون چوہدری کی کامیابی کےنوٹیفکیشن کے خلاف درخواست کی سماعت میں وقفہ کردیا۔