روڈا کے زیراہتمام راوی شہر میں معیاری تعلیمی اداروں کے قیام پر مذاکرہ

راوی شہرمیں معیاری تعلیمی اداروں کے قیام کی یقین دہانی کرا دی گئی۔

ایوان وزیراعلیٰ میں راوی شہر میں معیاری تعلیمی اداروں کے قیام کے لئے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے زیراہتمام مذاکراہ (پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ) منعقد کیا گیا ۔عمران امین چیف ایگزیکٹو آفیسر کی زیر صدارت ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والے مذاکرے میں ساجد ظفر ڈار سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب مہمان خصوصی تھے۔

مذاکرے کے آغاز پر کاشف قریشی ای ڈی کمرشل نے روڈا منصوبہ کے حوالے سے بریفنگ دی ۔اس موقع پر عمران امین سی ای او نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ راوی شہر کے ایجوکیشن زون میں عالمی معیار کے ادارے بننے سے تعلیمی انقلاب آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے لئے روڈا اپنے سٹیک ہولڈرز کو بہترین پیکج دے گا، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یا جوائنٹ وینچر کسی بھی ذریعہ سے ہم راوی شہر میں تعلیمی اداروں کا فروغ چاہیں گے، پنجاب میں عالمی معیار کی سہولیات سے مزین یہ پہلا ایجوکیشنل زون ہوگا۔

اس موقع پر ساجد ظفر ڈار سیکرٹری ہائوسنگ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ روڈا کی طرف سے مذاکراہ میں شعبہ تعلیم کے سٹیک ہولڈرز کو تجاویز کےلئے بلانا قابل تعریف عمل ہے اس سے ایجوکیشن زون میں اعلیٰ معیار کے تعلیمی اداروں کا قیام ہوگا ہم روڈا کی اس کاوش کی پوری طرح حمایت کریں گے ۔

مذاکراہ میں منصور احمد جنجوعہ سی او او نے روڈا کی طرف سے ایجوکیشن زون میں تعلیمی سرمایہ کاری پر ماہرین تعلیم کی تجاویز کو سراہا اورکہا کہ راوی شہر منصوبہ میں ہم سٹیک ہولڈرز کی رائے لیتے رہیں گے اور ایسے سیشن کا انعقاد آئندہ بھی ہوگا۔

اس موقع پرعلی عباس سپیشل سیکرٹری ہائرایجوکیشن ، نوید حسین ڈپٹی سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب نے اظہار خیال کرتے ہوئے روڈا میں ایجوکیشن زون کے قیام کو خوش آئند اور تعلیم دوست قرار دیا۔ انہوں نے راوی انتظامیہ کو شعبہ تعلیم کے حوالے سے راوی شہر میں سرکاری و پرائیویٹ درسگاہوں کے قیام میں حائل مسائل کے حل کی پوری یقین دہانی کروائی ۔