ڈاکٹر یاسمین راشد نےبانی پی ٹی آئی کے نام پرووٹ لینے والوں کو خبردار کردیا

تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے عدالت میں پیشی کے موقع پر کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ لینے والوں کو خبردار کرتی ہوں، اگر ووٹ بیچا تو قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس کا ٹرائل شروع ہوگیا۔

پی ٹی آئی رہنما سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور ڈاکٹر یاسمین راشد کو عدالت میں پیش کیا گیا ۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں یاسمین راشد نے کہا کہ ظلم کے خلاف ڈر کے ماحول میں جس طرح ووٹ دیا عوام کی مشکور ہوں، بانی پی ٹی آئی کی آواز پر آپ سب نے بتایا کہ ہم زندہ قوم ہیں۔

یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ میں آپ سب کی دل سے مشکور ہوں، ہم سے بلے کا نشان چھینا گیا اور انتخابی مہم چلانے نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا راستہ ہر طرح سے روکا گیا، اس سب کے باوجود لوگوں نے محنت کی، امیدواروں کے نشان اور نام پتہ کر کے ووٹ ڈالا گیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ میں تحریک انصاف کے تمام ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، جیلوں اور جیلوں سے باہر مشکلات کاٹنے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔