ایلون مسک کا میٹا کی ایپ ’تھریڈز‘ لانچ ہونے کے بعد پہلا ٹوئٹ

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے حریف کمپنی میٹا کی ایپ ’تھریڈز‘ لانچ ہونے کے بعد پہلا ٹوئٹ کرتے ہوئے اسے ’کاپی پیسٹ‘ قرار دے دیا۔

خیال رہے کہ آج فیس بک کے بانی اور میٹا کمپنی کے مالک مارک زکربرگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے مقابلے نئی ایپ ’تھریڈز‘ لانچ کر دی ہے، جسے ٹوئٹر کے لئے اب تک کا سب سے بڑا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔

جہاں نئی ایپ ’تھریڈز‘ لانچ ہونے کے بعد میٹا کمپنی کے مالک مارک زکربرگ نے 11 سال بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر واپسی کرتے ہوئے اسپائیڈر مین کارٹون ’ڈبل آئیڈینٹٹی‘ کی مشہور زمانہ میم ٹوئٹ کی۔

وہیں ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے بھی حریف ایپ ’تھریڈز‘ کے لانچ ہوتے ہی پہلا ٹوئٹ کیا اور اسے ٹوئٹر کا کاپی پیسٹ ورژن قرار دے دیا۔

خیال رہے کہ ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ کے جواب میں ہنسنے والا ایموجی شیئر کیا اور اس ٹوئٹ کی حمایت کی جس میں نئی ایپ تھریڈز کے لئے کاپی اور پیسٹ کے الفاظ استعمال کئے گئے تھے۔

ایک اور ٹوئٹ میں ایلون مسک نے لکھا کہ انسٹاگرام پر جھوٹی خوشیوں کی نمائش کرنے سے بہتر ہے کہ ٹوئٹر پر لاتعداد اجنبیوں کی تنقیدی حملے برداشت کئے جائیں۔