امارات نے IMF کو پاکستان کیلئے بیرونی فنانسنگ کی یقین دہانی کرادی

متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان کو درپیش ساڑھے 6 ارب ڈالر کے بیرونی فنانسنگ گیپ پر آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرادی۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات کے اہم مرحلے پاکستان کو درپیش ساڑھے 6 ارب ڈالر کے بیرونی فنانسنگ گیپ کے معاملے پر آئی ایم ایف مشن چیف نے متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق یو اے ای کے سفیر اور آئی ایم ایف مشن چیف کی ملاقات کے دوران پاکستان کیلئے بیرونی فنانسنگ گیپ پورا کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے سفیر نے آئی ایم ایف مشن چیف کو پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن پاکستان کی بیرونی فنانسنگ کیلئے تصدیق کررہا ہے۔