پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ملازمین 6 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ملازمین 6 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہونے کے باعث سخت پریشان ہیں۔

ذرائع کے مطابق لاہور ہیڈ کوارٹر کے ملازمین کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور ملازمین نے جلد واجبات ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیمار ملازمین کے پاس علاج معالجے تک کے پیسے نہیں ہیں، پی ایچ ایف کا ملازم حال ہی میں دل کے عارضے میں مبتلا ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کی ڈیلیز کا معاملہ بھی التوا کا شکار ہے۔

کپتان عماد شکیل بٹ نے اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کے بعد ڈیلیز کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔

پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے فنڈز ریلیز نہیں ہوئے، فنڈز کے لیے اسائنمنٹ اکاؤنٹ بھی کھولا جانا ہے۔

پی ایچ ایف کے مطابق موجودہ دور میں ایک ماہ کی تنخواہ کے بقایاجات ہیں جبکہ باقی لگ بھگ 5 ماہ کے بقایاجات پچھلے دور کے ہیں۔

ذرائع کے مطابق موجودہ انتظامیہ کے ذمے تقریباً 8 کروڑ روپے کی ادائیگیاں باقی ہیں، موجودہ انتظامیہ نے دسمبر کے آخری ہفتے میں فیڈریشن کے اکاؤنٹس بند کردیے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈریشن کے اکاؤنٹس بند ہونے کی وجہ سے اب اسائنمنٹ اکاؤنٹ کھولنا ضروری ہے۔