فیض آباد دھرنا کیس ساڑھے 11 بجے سنیں گے: قاضی فائز عیسیٰ

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا ہے کہ فیض آباد دھرنا کیس ساڑھے 11 بجے سنیں گے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔

جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللّٰہ بینچ میں شامل ہیں۔

سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی مسترد کرتے ہوئے انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

اٹارنی جنرل آج سپریم کورٹ کو انکوائری کمیشن کی تشکیل سے متعلق آگاہ کریں گے۔

گزشتہ سماعت پر وزارتِ دفاع اور آئی بی کی نظرِ ثانی کی درخواستیں واپس لینے پر نمٹا دی گئی تھیں۔

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی، ایم کیو ایم، اعجاز الحق کی درخواستیں بھی واپس لینے پر نمٹا دی تھیں۔

عدالت نے فیض آباد دھرنا کیس میں شیخ رشید کو نظرِ ثانی واپسی لینے کے لیے مہلت دی تھی۔

الیکشن کمیشن کو ٹی ایل پی کی فارن فنڈنگ کا ایک ماہ میں دوبارہ جائزہ لینے کا کہا گیا ہے۔

چِلہ تو پورا ہو گیا مگر اس کے اثرات ہیں: شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی سپریم کورٹ آمد کے موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ شیخ صاحب چِلہ پورا ہو گیا؟

شیخ رشید نے جواب دیا کہ چِلہ تو پورا ہو گیا مگر اس کے اثرات ابھی تک ہیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ شیخ صاحب چیٸرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں یا ہتھیار ڈال دیے؟

شیخ رشید نے جواب دیا کہ اللّٰہ کے فضل سے زندگی میں دوستی اور دشمنی دونوں ہی بھرپور نبھائی ہیں۔