فخر زمان ورلڈ کپ کا اگلا میچ کھیلیں گے یا نہیں؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان کے ورلڈ کپ کا اگلا میچ کھیلنے کے حوالے سے فی الحال کوئی حتمی بات سامنے نہیں آ سکی ہے۔

ذرائع کے مطابق فخر زمان گھٹنے کی انجری سے تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور وہ آج شام ٹریننگ میں حصہ لیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریننگ کے دوران ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا، فٹنس اور ٹریننگ سیشن کے بعد ان کی دستیابی کے حوالے سے فیصلہ ہو گا۔

دوسری جانب پاکستان ٹیم ایک روز مکمل آرام کے بعد آج شام چدم برم اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ جمعے کو شیڈول ہے جس کے لیے جنوبی افریقا کی ٹیم آج چینئی پہنچے گی۔

واضح رہے کہ فخر زمان اب تک ورلڈ کپ کا ایک ہی میچ کھیل پائے ہیں۔