فرح گوگی کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں:ذلفی بخاری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ذلفی بخاری کا کہنا ہے کہ فرح گوگی کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے کرپشن کی ہے تو انہیں سخت سزا ملنی چاہیے۔

لندن میں جمہوریت بحران کا شکار کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے ذلفی بخاری نے کہا کہ عثمان بزدار کی غلط چوائس کے بارے میں چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی احساس ہو گیا تھا، بعد میں ان کو ہٹانا مناسب نہیں تھا۔

ذلفی بخاری کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے چند قریبی لوگ میرے خلاف مقدمات بنانے والوں میں شامل تھے، مجھ پر مقدمات بنانے والا ایک وعدہ معاف گواہ بن گیا اور دوسرا ملک چھوڑ کر بھاگ گیا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی پوری پی ٹی آئی نے مذمت کی تھی، جناح ہاؤس پر حملے کی سخت مذمت کی، تاریخ میں پہلی مرتبہ میڈیا سخت ترین دور سے گزر رہا ہے، پاکستان میں زبردستی سیاست چھوڑنے والوں کا ووٹ بینک بھی ختم ہو گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ میرے جیل میں جانے سے فائدہ نہیں ہو گا، وقت آنے پر ہم میدان میں ہوں گے، نگراں وزیرِ اعظم کی حیثیت کٹھ پتلی سے زیادہ نہیں، 50 فیصد بھی پلیئنگ فیلڈ ملی تو الیکشن جیت جائیں گے۔

ذلفی بخاری نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ سے انصاف کی امید ہے، بر وقت انتخابات کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے، پاکستان میں انتخابات میں دھاندلی کے لیے کام شروع ہو چکا، پاکستان کی معاشی حالت تباہی کی طرف جا رہی ہے، شفاف انتخابات ہی ملک میں معاشی استحکام لائیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ رنگ روڈ اسکینڈل میرے خلاف ایک سازش تھی، ثبوت نہ ہونے کے سبب پیش رفت نہیں ہوئی، عثمان بزدار کو وزیرِ اعلیٰ بنانا ہی نہیں چاہیے تھا، 190 ملین پاؤنڈ کسی کے جیب میں نہیں سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ہیں۔