مقابلہ کا امتحان اردو زبان میں منعقد کرانے کا کوئی منصوبہ زیرغور نہیں ہے، وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی

قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ فی الوقت مقابلہ کا امتحان (سی ایس ایس) اردو زبان میں منعقد کرانے کا کوئی منصوبہ زیرغور نہیں ہے جبکہ ارکان نے مقابلے کا امتحان قومی زبان میں منعقد کرانے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں مولانا عبدالاکبر خان چترالی اور دیگر کے سی ایس ایس کے امتحانات اردو میں منعقد کرانے سے متعلق توجہ مبذول نوٹس پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ اس طرح کا سوال سینیٹ میں بھی اٹھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقابلہ کا امتحان وفاقی حکومت ایچ ای سی اور یونیورسٹیز کی معاونت سے منعقد کراتا ہے۔ یونیورسٹی میں مضامین انگریزی زبان میں پڑھائے جاتی ہیں، ان کو اردو میں تبدیل کرنے میں بہت وقت لگے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فی الوقت مقابلہ کے امتحان کو اردو میں منعقد کرانے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔ مولانا عبدالاکبر چترالی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ امتحانات میں اردو لازمی اور اختیاری دونوں مضامین میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان کی مشاورت کو حکومت تک پہنچایا جائے گا۔

صلاح الدین کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس کیلئے ایک طریقہ کار وضع کیا ہے، یہ طریقہ کار مکمل مشاورت سے وضع کیا گیا ہے، اس میں جدید تعلیم و تربیت کے تقاضوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہ تعلیم اب صوبائی معاملہ ہے۔