فلمی مبصر کمال راشد خان کی غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کی مذمت

بھارت کے فلمی مبصر کمال راشد خان المعروف کے آر کے نے بھی غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کی ہے۔

کمال راشد خان نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتِ حال میں فلسطین کے بے گناہ شہریوں پر ہونے والے مظالم پر خاموشی اختیار کرنے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کے ایک ہسپتال پر حملہ کر کے 500 افراد کو ہلاک کر دیا۔

اُنہوں نے لکھا کہ اب دنیا میں کوئی بھی درد محسوس نہیں کر رہا ہے کیونکہ صرف اسرائیلی ہی انسان ہیں اور دوسرے لوگ انسان نہیں ہیں، آج کی جدید دنیا میں یہ رویہ ناقابل قبول ہے۔

کمال راشد خان نے یہ بھی لکھا ہے کہ اس بات سے قطع نظر کہ کوئی کس مذہب کی پیروی کرنے والا ہے، سب انسان ہیں۔

غزہ کے اسپتال پر بمباری
واضح رہے کہ غزہ کے الاہلی اسپتال پر اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے، بمباری سے اسپتال کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ میں موجود اسپتال کو نشانہ بنایا جس میں 600 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

7 اکتوبر سے اسرائیلی جارحیت جاری
فلسطینی حکام کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔

فسلطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے 12 ہزار 500 افراد زخمی ہوئے ہیں، شہید ہونے والوں میں 1000 سے زائد بچے اور ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔