بنگلہ دیش کے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ بھی عام انتخابات میں کامیاب

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ نے عام انتخابات میں مسلسل دوسری مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حکمران جماعت عوامی لیگ کی جانب سے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ نے حلقے ناریل 2 سے عام انتخابات میں حصّہ لیا تھا اور وہ بڑی اکثریت سے کامیاب ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشرفی مرتضیٰ نے 1,89,102 ووٹ حاصل کیے جبکہ بنگلہ دیش ورکرز پارٹی کی جانب سے انتخابات میں حصّہ لینے والے ان کےحریف حفیظ الرحمٰن صرف 4,041 ووٹ حاصل کرنے میں ہی کامیاب ہوسکے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں 300 میں سے 299 پارلیمانی نشستوں پر عام انتخابات منعقد ہوئے جبکہ ایک نشست پر ایک آزاد امیدوار کی موت کے بعد قانون کے مطابق انتخاب ملتوی کر دیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کے عام انتخابات میں شیخ حسینہ واجد کی حکمران جماعت عوامی لیگ نے کامیابی حاصل کرلی جبکہ حزب اختلاف جماعتوں نے حکومت کی انتقامی کارروائیوں کو بنیاد بنا کر عام انتخابات کا مکمل طور پر بائیکاٹ کیا۔