سابق وفاقی وزیر احسن اقبال چین کے شہر اورمچی پہنچ گئے

سابق وفاقی وزیر احسن اقبال چین کے شہر اورمچی پہنچ گئے۔

احسن اقبال اورمچی میں یوریشیا ایکسپو اور کانفرنس میں شرکت کریں گے وہ صوبے شن جیانگ کی حکومت کی دعوت پر اورمچی پہنچے ہیں۔

پاکستانی وفد اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے اعزاز میں مقامی قیادت نے عشائیہ دیا۔

یوان لی جینگ نے کہا کہ احسن اقبال کی سی پیک کے لیے گراں قدر خدمات ہیں، چین کے عوام سی پیک کے لیے ان کی خدمات کی قدر کرتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال بندھن سے جڑی ہے، سی پیک کا فیز ٹو پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ شن جیانگ اور گلگت بلتستان کے درمیان تجارتی اور تعلیمی تعلقات کو فروغ دینا ضروری ہے، پاکستان اور چین کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کے فروغ سے سی پیک آگے بڑھے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایم ایل ون ریلوے کا منصوبہ بالآخر چین اور پاکستان کو بھی جوڑے گا، سی پیک سے جڑ کر پورا خطہ فائدہ اٹھا سکتا ہے۔