سابق ٹیسٹ کرکٹر عبد الرزاق کا ٹیم سے کپتانی کا معاملہ ہی ختم کرنے کا مشورہ

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبد الرزاق نے ٹیم سے کپتانی کا معاملہ ہی ختم کرنے کا مشورہ دے دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان ‘میں گفتگو کے دوران میزبان شہزاد اقبال کے سوال کا جواب دیتے ہوئے عبد الرزاق نے کہا کہ ٹیم میں کپتان اس کو بنایا جائے جو ٹیم کے ساتھ ہو ، میرے نزدیک کپتان کو بطور کھلاڑی ہونا چاہیے۔

میزبان کی وضاحت طلب کرنے پر عبد الرزاق نے بتایا کہ ’ ٹیم مینجمنٹ میں ایسے لوگوں کو شامل کرنا چاہیے جنہیں کرکٹ کی سمجھ ہو اور جب ایسا ہو جائے گا تو چاہے پھر کپتان کسی کو بھی بنایا جائے چیزیں حل ہو جائیں گی اورکپتانی کا معاملہ ہی ختم ہو جائے گا کہ کوئی کھلاڑی یہ سوچے کہ میں کپتان ہوں کیونکہ اسی معاملے پر مسائل پیدا ہوتے ہیں‘۔

عبد الرزاق نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ پوری ٹیم کو ایک ہونا چاہیے، ایسی ٹیم جس میں کوئی خود کو کپتان یا نائب کپتان محسوس نہ کرے۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ 2007 کے بعد پاکستان کے لیجنڈ پلیئر ختم ہوگئے تھے جس کے بعد کپتانی کا خلا پیدا ہوا، اس دور کے بعد ٹیم کی قیادت مصباح الحق، شعیب ملک، محمد حفیظ، سرفراز احمد اور پھر بابر اعظم کو دی گئی۔

اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے عبد الرزاق نے مزید کہا کہ میرا مقصد ٹیم کے اتحاد سے ہے جب تک ٹیم ، مینجمنٹ اور بورڈ ایک پلیٹ فارم پر نہیں ہوگا مسائل حل نہیں ہوں گے۔