بانی پی ٹی آئی کی وکلاء اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت کے لیے درخواست دائر

بانی پی ٹی آئی نے وکلاء اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل شیر افضل نے عدالت میں درخواست دائر کی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود وکلاء اور پارٹی رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جارہا، دستاویزات تو دور کی بات ایک صفحہ تک اڈیالہ جیل کے اندر نہیں لے جانے دیا جاتا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی ملاقات کے دوران پرائیویسی بھی فراہم نہیں کی جاتی، جیل انتظامیہ وکلاء کے دستاویزات قبضے میں لیتی ہے اور 24 گھنٹے بعد دیتی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار، اسد قیصر اور فیض الرحمٰن سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی اکیلے میں ملاقات کا حق فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔