گورنر سندھ کی کراچی میں پیر پگاڑا صبغت اللّٰہ شاہ راشدی سے ملاقات

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی میں پیر صاحب پگاڑا صبغت اللّٰہ شاہ راشدی سے ملاقات کرکے عام انتخابات کے بعد کی سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر پیر پگاڑا نے کہا کہ پاک فوج ہمارا قومی ادارہ اور فخر ہے، یہی ادارہ وفاق اور ملک کے استحکام کی علامت ہے۔

پیر پگاڑا کا کہنا تھا کہ 16 فروری کو جی ڈی اے کا حیدرآباد میں احتجاجی دھرنا کسی ادارے کے خلاف نہیں بلکہ انتخابی دھاندلی کے خلاف ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کو دھاندلی کی کھلی چھوٹ دی گئی۔

واضح رہے کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے 16 فروری کو حیدرآباد بائی پاس پر دھرنے کا اعلان کیا ہے۔