نگران وزیراعظم کو پہلے ہی دن مہنگائی کی سلامی

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنی ذمہ داریوں کا پہلا دن بھرپور مصروفیت میں گزارا اوردوسرے ہی روز آج منگل کو انہیں ڈالر کی قدر اور پٹرول کی مصنوعات میں قیمتوں کے اضافے نے زبردست سلامی پیش کی ہے دن کا بیشتر حصہ ملکی معاشی صورتحال کے حوالے سے وزیرخزانہ اور وزیر توانائی کے بغیر دونوں وزارتوں کے اعلیٰ حکام سے مسلسل اجلاسوں میں مشاورت سے گزرا۔

اس دوران انہوں نے مختلف شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا، جبکہ دوسری طرف ان کی نگران کابینہ میں شمولیت کے خواہشمند اور متوقع ارکان اور بالخصوص وہ شخصیات جن کے نام اس فہرست میں شامل ہونے کے حوالے سے گردش کر رہے ہیں وہ تمام دن وزیر ہاؤس میں نگران وزیراعظم کی مصروفیات اور کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے کسی اطلاع کے منتظر رہے وزیراعظم ہاؤس میں رابطوں کی رسائی رکھنے والوں سے بھی اور جو نگران وزیراعظم کے سیاسی امور میں حلقہ مشاورت میں شامل سمجھے جاتے ہیں ان سے بھی جن میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ جام کمال اور سینیٹر سرفراز بگٹی کو بھی شمار کیا جاتا ہے دوسری طرف مختلف وزارتوں کے اعلیٰ حکام بھی اپنی وزارتوں کے وزراء کے نام جاننے اور ان کے استقبال کی تیاریوں کے بے چینی سے منتظر ہیں اور اس بے چینی میں سیاسی جماعتوں کی دلچسپی بھی اضطراب کے ساتھ شامل ہے۔