بانی پی ٹی آئی کے خلاف 6 اور بشریٰ بی بی کے خلاف جعلی رسیدوں کے کیسز کی سماعت

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 6 اور بشریٰ بی بی کے خلاف جعلی رسیدوں کے کیسز کی سماعت ہوئی۔

کیسز کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا نے کی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش یوئے۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے پروڈکشن اور استثنیٰ کی درخواستیں بھی دائر کی گئیں۔

وکیل صفائی سلمان صفدر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کرنے میں کوئی مشکل نہیں۔

جج طاہرعباس سِپرا نے کہا کہ وہ پہلے بھی عدالت آتی رہی ہیں۔

وکیل صفائی سلمان صفدر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی پروڈکشن کا انحصار جیل سپرنٹنڈنٹ پر ہے، بانی پی ٹی آئی کو بلا لیں، ویڈیو لنک پر لے لیں یا آپ کو جیل جانا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ سزائیں سن سن کر میرے تو کان بند ہوگئے ہیں۔

جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ پھر تو آپ کو کانوں کا علاج کروانا پڑے گا۔

وکیل صفائی نے کہا کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی کی کمرہ عدالت میں پروڈکشن کی ضد چھوڑ دی ہے۔

جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ میں اگلے ہفتے دستیاب نہیں ہوں گا۔

وکیل صفائی سلمان صفدر نے کہا کہ جتنا جلدی ہوسکے ہم کیسز کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ آپ اپنی مرضی سے تاریخ دے دیں، ہم سے بھی پوچھا جاسکتا ہے، سال سے اوپر کیس کو ہوگیا۔

وکیل صفائی کی جانب سے آئندہ سماعت کی تاریخ بتانے تک عدالت نے وقفہ کردیا۔