خواجہ آصف، حمزہ شہباز و دیگر کی الیکشن میں کامیابی کے خلاف درخواستوں پر سماعت جاری

لاہور ہائی کورٹ میں خواجہ آصف، حمزہ شہباز و دیگر کی الیکشن میں کامیابی کے خلاف درخواستوں پر سماعت جاری ہے۔

جسٹس علی باقر نجفی ریحانہ ڈار سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کر رہے ہیں۔

جسٹس علی باقر نجفی نے سوال کیا کہ کیا یہ درخواست قابل سماعت ہے کیونکہ ابھی الیکشن کا پروسیس مکمل ہوا ہے، کیا درخواست گزار پہلے آر او کے پاس درخواست دائر کرنے کے پابند نہیں ہیں، پہلے درخواست دائر کرنے کا فورم الیکشن کمیشن کا ہے، یہ عدالت الیکشن کمیشن کو امیداروں کی درخواستوں پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دیتی ہے۔

وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم نے مل کر الیکشن کمیشن کے رولز اور قوانین کو مضبوط بنانا ہے۔

ریحانہ ڈار کے وکیل نے کہا کہ ہم ریٹرننگ افسر کے پاس درخواست لے کر گئے ہیں، الیکشن پراسیس مکمل ہوا اس کے فوری بعد ہم نے متعلقہ فورم پر رجوع کیا، الیکشن کمیشن کی بدنیتی ظاہر ہوتی ہے، اب سننے کو مل رہا ہے الیکشن کمیشن نے فارم 48 بھی جاری کر دیا ہے۔

درخواست گزاروں نے عام انتخابات میں فارم 47 جاری کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا ہے۔

درخواستوں میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسران نے قانون کے منافی فارم 47 جاری کیا۔