میں خود کو احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں:سراج الحق

امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ میں خود کو احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں، آصف زرداری، نواز شریف، شہباز شریف بھی خود کو احتساب کے لیے پیش کریں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزراء اور افسروں کے گھروں سے اربوں روپے برآمد ہوئے ہیں، ملک کی ترقی کے راستے میں امریکا، برطانیہ سے زیادہ ان کے ایجنٹ رکاوٹ ہیں، اگر کرپٹ افراد سے لوٹا گیا پیسہ واپس لیا جائے تو ملک کو قرضوں کی ضرورت نہیں ہو گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو لوٹنے والوں کے خلاف عوام 8 فروری کے انتخابات میں ہمارا ساتھ دیں۔

پشاور میں منعقدہ حقوق طلبہ کنونشن سے خطاب کے دوران سراج الحق نے کہا کہ جماعتِ اسلامی اقتدار میں آ کر تعلیم کا بجٹ 60 فیصد تک بڑھائے گی، طالبات کے لیے الگ تعلیمی ادارے اور مفت ٹرانسپورٹ دی جائے گی، مفت گرلز میڈیکل کالج اور یونیورسٹی بنائیں گے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی نے یہ بھی کہا ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں کوئی سہولت موجود نہیں ہے، جماعتِ اسلامی نوجوانوں کو سرکاری سطح پر بیروزگاری الاؤنس دے گی۔