IMFاور یورپی یونین کے لوگ چیئرمین PTIسے ملنے جیل آتے ہیں: پرویزالہٰی

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میرے ساتھ والے سیل میں ہیں، آئی ایم ایف اور یورپی یونین کے لوگ ان سے ملنے آتے ہیں۔

پرویز الہٰی نے عدالت پیشی کے دوران کمرۂ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اتنے ووٹ پڑیں گے جس کی کوئی حد نہیں ہو گی، مسلم لیگ ن کے پاس لاہور سمیت پورے پاکستان میں الیکشن کے لیے بندے نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمیشہ ہی اچھے تعلقات رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ خدا کی قسم مجھے آج تک کسی نے پریس کانفرنس کا نہیں کہا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن کی تاریخ سپریم کورٹ کے کہنے پر ملی ہے، اس الیکشن میں دھاندلی نہیں ہو گی۔