الیکشن کی گہما گہمی، ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنی مصروفیات سے متعلق اپنے فالوورز کو آگاہ کردیا

2024ء کے آغاز سے ہی الیکشن کی گہما گہمی ہے، جہاں سیاسی رہنما انتخابی مہم میں مصروف ہیں وہیں سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے بھی اپنی مصروفیات سے متعلق اپنے فالوورز کو آگاہ کیا ہے۔

قدرت، آبی، جنگلی حیات اور فن سے لگاؤ رکھنے والے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنے انسٹاگرام پر نئی پوسٹس شیئر کی ہیں۔

متعدد مختصر ویڈیوز میں ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کو پُش اپس کرتے اور کپڑوں کو رنگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رہنما، مرتضیٰ بھٹو کے بیٹے، سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر اِن ویڈیوز کی آخری ویڈیو میں سندھی بولنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انتخابات کے قریب اپنی مصروفیات سے متعلق بات کر رہے ہیں۔

ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کا بتانا ہے کہ آج کل وہ انتخابات کے دوران دھوپ سینک کر اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔