سلمان اکرم راجہ کس حیثیت سے آر او کے دفتر گئے تھے:عون چوہدری

استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے کہا ہے کہ میں این اے 128 لاہور سے کامیاب ہوا، سلمان اکرم راجہ کس حیثیت سے آر او کے دفتر گئے تھے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عون چوہدری نے کہا کہ میری کامیابی کا نوٹیفکیشن 9 فروری کو مجھے مل گیا تھا، وکلاء برادری ہمارے لیے بہت قابلِ عزت ہے۔

عون چوہدری نے کہا کہ ہمیں قانون کے دائرے میں رہنا ہے، سلمان اکرم راجہ کے لوگوں نے میونسپل کارپوریشن کے ملازمین پر تشدد کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلمان اکرم راجہ کی فیملی ہمارے لیے قابلِ عزت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا تھا۔

سلمان اکرم راجہ کی جانب سے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر کے آج جواب طلب کر رکھا تھا۔