کونسے حلقوں میں کل دوبارہ پولنگ ہو گی؟

گھوٹکی، کوہاٹ اور خوشاب کے متاثرہ پولنگ اسٹیشنوں پر کل دوبارہ پولنگ ہو گی۔

ریٹرننگ افسر (آر او) کا کہنا ہے کہ این اے 88 خوشاب کے 26 پولنگ اسٹیشنوں پر ری پولنگ کل ہو گی، 8 فروری کو مشتعل افراد نے آر او آ فس میں بیلٹ باکس کو آگ لگا دی تھی۔

اس حوالے سے ڈی پی او کا کہنا ہے کہ متاثرہ 26 پولنگ اسٹیشنوں کے علاقے کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پی کے 90 کوہاٹ کے 8 پولنگ اسٹیشنوں پر ری پولنگ بھی کل ہو گی۔

آر او کا کہنا ہے کہ 8 پولنگ اسٹیشنوں پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 41 ہزار ہے، پی کے 90 کے متاثرہ پولنگ اسٹیشنوں پر مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ کی تھی۔

ادھر سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 18 کے دو پولنگ اسٹیشنوں پر ری پولنگ بھی کل ہو گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 8 فروری کی کشیدگی کے بعد علاقے میں اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔

آر او نے کہا کہ دونوں پولنگ اسٹیشنوں پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3310 ہے۔

علاوہ ازیں ڈی آر او کا کہنا ہے کہ ٹانک کے حلقے این اے 43 کے 6 پولنگ اسٹیشن پر اتوار کو ری پولنگ ہو گی، پولنگ 17 فروری کو صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 5 تک جاری رہے گی۔