انسٹاگرام نےویڈیوز یا ریلز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کا فیچر متعارف کرا دیا

مقبول فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام میں صارفین کے لیے دیگر افراد کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی مختصر ویڈیوز یا ریلز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کا فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے۔

ٹک ٹاک میں اس طرح کا فیچر کافی عرصے سے موجود ہے اور اس کی مدد سے لوگ اپنی پسندیدہ ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرکے دیگر پلیٹ فارمز پر پوسٹ کرتے ہیں۔

ٹک ٹاک کی ویڈیو ڈاؤن لوڈ کرکے دیگر پلیٹ فارمز پر پوسٹ کرنے پر ایپ کا واٹر مارک نظر آتا ہے۔

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے بتایا کہ ابتدائی طور پر امریکا سے تعلق رکھنے والے صارفین ریلز کو ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔

اس کے لیے صارفین کو شیئر آئیکون پر کلک کرکے ڈاؤن لوڈ آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ صرف پبلک اکاؤنٹس کی ریلز کو ڈاؤن لوڈ کرنا ممکن ہوگا جبکہ پبلک اکاؤنٹس کے پاس ڈاؤن لوڈ آپشن کو ٹرن آف کرنے کا اختیار موجود ہوگا۔

ایسی ریلز ویڈیو پر کسی جگہ انسٹاگرام کا لوگو (logo) بنا نظر آئے گا۔

خیال رہے کہ انسٹاگرام پر ریلز ویڈیو کو دیکھنے کے باعث رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران اس ایپ پر صارفین کے وقت گزارنے کی شرح میں 24 فیصد اضافہ ہوا۔