وی لاگر کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر سیکرٹری داخلہ کے وارنٹ جاری

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وی لاگر کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر سیکرٹری داخلہ کے وارنٹ جاری کر دیے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سیکرٹری داخلہ کے قابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔

وی لاگر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر عدالت نے سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کی تھی۔

عدالتی احکامات کے باوجود وی لاگر کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

عدالتِ عالیہ نے سیکرٹری داخلہ سے آج 1 گھنٹے میں رپورٹ طلب کی تھی۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ وجوہات بتائیں کہ وی لاگر کا نام ای سی ایل سے کیوں نہیں نکالا؟ اگر تسلی بخش جواب نہ ملا تو آج ہی توہینِ عدالت کی کارروائی ہو گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے عدالتی حکم کے باوجود 1 گھنٹے میں پیش نہ ہونے پر وارنٹ جاری کیے۔

سرکاری وکیل نے انہیں بتایا کہ ڈی جی پاسپورٹ راستے میں ہیں، کچھ دیر میں پہنچ جائیں گے۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا کہ وہ آ کر کیا کہیں گے؟ انہیں وزارتِ داخلہ نے کہا تھا، 50 ہزار روپے کے مچلکوں پر قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر رہے ہیں، متعلقہ ایس ایچ او دن ڈھائی بجے سیکریٹری داخلہ کو پیش کرے۔