اسرائیلی فوج کاشمالی غزہ کے رہائشیوں کو انخلا ءکا دوبارہ حکم

اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے رہائشیوں کو انخلاء کا دوبارہ حکم دے دیا۔

ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ کے لوگوں کے لیے انخلاء کی فوری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق جاری کیے گئے حکم میں کہا گیا ہے کہ شمالی غزہ کے لوگ اپنی جگہیں فوری طور پر خالی کر دیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شہری صلاح الدین روڈ سے ہوتے ہوئے دیر البلاح کے علاقے چلے جائیں۔

ادھر فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے جنوبی غزہ میں ال امل اسپتال کے قریب کئی حملے کیے۔

فلسطینی ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے خان یونس میں اسپتال کے قریبی علاقوں کو نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ فلسطین بالخصوص غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی جارحیت کو 2 ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔

7 اکتوبر سے اب تک 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 48 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔